حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور المصطفٰی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان علمی و فکری سیمینار بعنوانِ ”تفسیرِ المیزان میں جدید تفسیری رجحانات“ کا انعقاد کیا گیا؛ جس میں پاکستان کی علمی و ادبی اور فکری شخصیات نے شرکت کی۔
سیمینار میں ڈاکٹر ثناء اللّٰہ حسین نے کلیدی خطبہ پیش کیا اور تفسیر المیزان کی خصوصیات، اسلوب، منہج اور امتیازات پر نہایت بصیرت افروز اور جامع گفتگو کی۔
پروفیسر ڈاکٹر رب نواز سربراہ شعبۂ اسلامیات ہائی ٹیک یونیورسٹی ٹیکسلا اور ڈاکٹر محمد آصف بخاری سابق سربراہ شعبۂ قرآن انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اسلام آبا نے تفسیر المیزان پر بہت ہی علمی و تحقیقی گفتگو کرتے ہوئے تفسیرِ المیزان کو عالم اسلام کی مشترکہ تفسیر قرار دیا۔
ڈین شعبۂ عربی و اسلامیات پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے تفسیرِ المیزان کے محسنات پر بہترین انداز میں گفتگو کی۔
المصطفٰی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبۂ تفسیر و علوم قرآن کے منسلک مولانا ڈاکٹر رئیس اعظم شاہد نے علامہ طباطبائی کی شخصیت اور تفسیرِ المیزان پر ایران میں ہونے والے کاموں کا بہترین انداز میں تعارف کروایا۔
اس موقع پر تمام علومِ قرآن اور تفسیر کے ماہرین کا اس بات پر اتفاق تھا کہ تفسیرِ المیزان عصر حاضر کی مایہ ناز تفسیر ہے، جسے اردو میں منتقل کر کے نسل نو کو قرآن سے قریب کیا جائے۔
واضح رہے کہ تفسیرِ المیزان کے خلاصے کا اُردو ترجمہ امام خمینی ٹرسٹ ماڑی انڈس کے چیرمین علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کیا ہے جو اُردو دان طبقے کے لیے نعمت کی حیثیت رکھتا ہے۔









آپ کا تبصرہ